لندن میں کیس کی سماعت سے متعلق لاعلم ہوں، وسیم اختر

November 28, 2022

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے لندن میں بانی متحدہ کی پراپرٹیز کے کیس کی سماعت کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں پراپرٹیز ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کی ملکیت ہیں اس لیے یہ ایم کیو ایم پاکستان کو ملنی چاہئیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں وسیم اختر نے اعتراف کیا کہ وہ لندن میں کیس کی سماعت سے لاعلم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کے حوالے سے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے کافی پہلے کیس دائر کیا تھا، کیس کی حالیہ کارروائی کا علم نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم پاکستان نے لندن میں یہ کیس دائر کیا تھا کہ لندن میں پراپرٹیز ایم کیو ایم پاکستان کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کی ملکیت ہیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیش کی ملکیت ہونے کی وجہ سے یہ پراپرٹیز ایم کیو ایم پاکستان کو ملنی چاہئیں۔