ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد نئی بھارتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

November 29, 2022

فائل فوٹو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل تک نہ پہنچنے کے بعد بھارتی بورڈ نے نئی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی بورڈ کے ایک آفیشل نے ایک نیوز ایجنسی سے گفتگو میں مستقبل کا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بالکل نئی ٹیم ہوگی۔

بھارتی بورڈ آفیشل کے مطابق اس دوران زیادہ تر سینئر کھلاڑی ون ڈے اور ٹیسٹ تک محدود ہوں گے، یہ طے ہے کہ اگلے ایڈیشن 2024 میں کئی سینئر کھلاڑی نہیں ہوں گے۔

بھارتی بورڈ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے کبھی کسی کھلاڑی کو ریٹائر ہونے کے لیے نہیں کہا، آئندہ برس فوکس ون ڈے کرکٹ پر ہوگا ٹی ٹوئنٹی کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ برس بھارت نے مجموعی طور پر صرف 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں جن میں نئے کمبی نیشن کو موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ 10 نومبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹ سے بدترین شکست دی تھی۔