وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کر دی۔
کشمیر چوک انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے اپوزیشن کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، لانگ مارچ دھرنا ختم کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دھرنوں کی سیاست ترک کرے، آپ لانگ مارچ اور دھرنا ختم کریں گے تو ہم یقیناً آپ کے ساتھ بیٹھیں گے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ کی سیاست کا پہلا نشانہ معیشت ہوگی، میکرو اکنامک استحکام بہت مشکل سے حاصل ہوا ہے، کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا ملک دشمنی نہیں؟
شہباز شریف نے کہا کہ ڈھائی سال کی محنت اور ٹیم ورک سے معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، ایک طرف ملکی ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری ہے، احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مزدور اور انجینئروقت پر کار خانوں اور دفاتر نہ پہنچیں تو نقصان پاکستان کا ہو گا، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔