عمران سندھ آکر دیکھو، عوام تمہارا حشر کیا کرتے ہیں، شرجیل میمن

November 29, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ٹنڈوجام میں پاور شو کے لیے یوم تاسیس پر پنڈال سجالیا، وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن اور دیگر نے اپنی تقریروں کے ذریعے شرکاء کا لہو خوب گرمایا۔

شرجیل میمن نے دوران خطاب عمران خان پر خوب وار کیے اور کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) عمران خان کی حکومت میں ان کے ہاتھوں میں کھیلتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف بات کرنے والوں کو اگلے دن نیب والے لے جایا کرتے تھے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ بولے یہ لاڈلے بنے رہے، عمران نیازی کہتا ہے سندھ فتح کروں گا، تم آؤ دیکھو سندھ کے عوام تمہارا حشر کیا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، قانون کے تحت سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہونا چاہیے، تم سندھ آؤ تمہیں انڈے ٹماٹر پڑیں گے۔

شرجیل میمن نےکہا کہ ملک میں ایک شخص عوام کو گمراہ کر رہا ہے، جو کہ غیر سیاسی شخص ہے، یہ ملک اور اداروں کے خلاف سازش میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کی حکمرانی کی بات کرتی ہے، آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا، پیپلز پارٹی نے عوام کو بے نظير انکم سپورٹ پروگرام دیا۔

پی پی جلسے میں انتظامیہ نے 20 ہزار کرسیاں لگائیں، پنڈال کچھا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ بہت سے لوگ پنڈال س باہر کھڑے ہوکر جلسے کو سن رہے تھے۔

پی پی رہنماؤں کے خطاب کے دوران کارکنان عمران خان کے خلاف گھڑی چور کا نعرہ لگاتے رہے جبکہ اس دوران جئے بھٹو، جئے بلاول، جئے آصف زرداری کے نعرے گونجتے رہے۔