کراچی: بچے کو زمین پر پھینک کر قتل کرنے والا باپ گرفتار

November 29, 2022

کراچی کے جناح اسپتال میں ایک سال کے بچے کو زمین پر پھینک کر قتل کرنے کا مقدمہ درج کرکے باپ کو گرفتار کرلیا گیا۔

مقدمہ بچے کی والدہ کنیز بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ جس میں خاتون نے موقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر آصف بےروز گار ہے اور نشہ کرتا ہے۔

خاتون نے موقف اختیار کیا کہ 27 تاریخ کو اس کا سہراب گوٹھ پر ایکسیڈنٹ ہواتھا، بیٹی سلمیٰ کے جبڑے اور ایک سال کے بیٹے عاطف کے 2 دانت ٹوٹ گئے تھے، عاطف کو ٹی بی بھی تھی۔

خاتون کا کہنا ہے وہ اپنے بچوں سمیت علاج کے لیے شوہر کے ہمراہ جناح اسپتال آئی، ایمرجنسی کے باہر ویٹنگ میں اسٹریچر پر بچوں کے ساتھ لیٹی ہوئی تھی۔

خاتون نے مزید بتایا کہ مجھے گارڈ کی وردی پہنے ہوئے ایک شخص نے 1 ہزار روپے دیے، شوہر نےمجھ سے پیسے مانگے، منع کرنے پر جھگڑا کیا اور وہ طیش میں آگیا، اس نے بیٹے عاطف کو سوتے ہوئے اسٹیچر سے اٹھا کر فرش پر پھینک دیا، جس سے بیٹا فوت ہوگیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آصف نے بیٹے کو قتل کیا ہے اس کیخلاف کارروائی کی جائے۔