عمران خان پر فائرنگ، ملزم نوید کیخلاف دوسرا مقدمہ درج

November 29, 2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ملزم نوید کے خلاف دوسرا مقدمہ نئے تفتیشی افسر انور شاہ کی مدعیت میں تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نوید نے دوران تفتیش بتایا کہ فائرنگ کے بعد اس نے جائے وقوعہ کے قریب پستول لکڑیوں میں چھپادیا تھا۔

ملزم نوید کو پستول برآمدگی کے لیے جائے وقوعہ پر لے جایا گیا، جہاں ملزم نے لکڑیوں میں چھپایا گیا پستول نکال کر پولیس کے حوالے کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے جو پستول برآمد ہوا وہ 30 بور دیسی ساخت کا تھا۔

گرفتار ملزم نوید کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت گوجرانوالہ میں پیش کردیا گیا۔

عدالت نے ملزم کو مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔