جاپان، برطانیہ اور اٹلی مشترکہ طور پر جدید لڑاکا طیارہ بنائیں گے

December 02, 2022

برطانیہ کا ٹیمپسٹ لڑاکا طیارہ۔

جاپان، برطانیہ اور اٹلی کے درمیان مشترکہ طور پر جدید لڑاکا طیارہ بنانے کے لیے معاہدے کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ جاپان امریکا کے علاوہ کسی اور ملک کے ساتھ دفاعی ساز و سامان سے متعلق ایک اہم معاہدہ کرنے جا رہا ہے۔

معاہدے کے تحت برطانیہ کا ’ٹیمپسٹ‘ طیارہ اور جاپان کے ایف ایکس فائٹر پروگرام کا انضمام کرکے ایک نیا جدید لڑاکا طیارہ بنایا جائے گا۔

اس معاہدے کا اعلان جاپان کی طرف سے نئی قومی سلامتی حکمت عملی اور ملٹری پروکیورمنٹ پلان سے قبل کیا جائے گا۔

جاپان کی نئی قومی سلامتی حکمت عملی کا اعلان دسمبر کے وسط تک کر دیا جائے گا۔

جاپان، برطانیہ اور اٹلی کے مابین نئے لڑاکا طیارے کے لیے مذاکرات اگلے سال ہوں گے جس میں طیاروں کے ڈیزائن، ہر ملک کا جہاز کی تیاری میں حصہ اور دیگر تفصیلات شامل ہوں گی۔

جاپان کے سابق وزیر دفاع نے بتایا کہ حکمران جماعت فوجی ساز و سامان برآمد کرنے کیلئے قوانین میں نرمی کرنے پر غور کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر جاپان لڑاکا طیارے بنا کر انہیں برآمد کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔