بھارتی ریاست راجستھان میں چوری کی ایک ناکام کوشش اس وقت فلمی منظر میں بدل گئی جب ایک مبینہ چور باورچی خانے میں ایگزہاسٹ فین لگانے والی تنگ جگہ میں پھنس گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے ضلع کوٹا کے رہائشی سبھاش کمار راوت کے گھر یہ واقعہ 3 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب وہ سفر میں تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم رات کے وقت قیمتی سامان چرانے کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا، تاہم فرار کے وقت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سبھاش کمار راوت اور ان کی اہلیہ رات تقریباً ایک بجے گھر واپس آئے اور مرکزی دروازہ کھولا تو انہوں نے دیکھا کہ باورچی خانہ روشن ہو رہا تھا۔ انہیں اس وقت شدید حیرت ہوئی جب انہوں نے ایک شخص کو باورچی خانے کے ایگزہاسٹ فین کی خالی جگہ میں آدھا اندر اور آدھا باہر لٹکا ہوا دیکھا۔
پولیس کے مطابق مبینہ چور ایگزاسٹ فین کی تنگ جگہ سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن بری طرح پھنس گیا۔ شور سن کر اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا اور اسے وہیں بے یار و مددگار چھوڑ گیا۔
یہ انوکھا منظر جلد ہی مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا، جو تقریباً 1 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ڈرامے کو دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے۔
پولیس کی مدد سے ملزم کو باہر نکالا گیا اور بعدازاں اسے گرفتار کرلیا گیا تاہم اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔