پٹرول کی قیمت 60 ڈالر کرنے کا امیر ممالک کا فیصلہ روس نے مسترد کردیا

December 04, 2022

کراچی، پیرس (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی ) ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون، آسٹریلیا اور یورپی یونین نے روسی تیل کی قیمت 60ڈالر تک محدود کرنے پر اتفاق کرلیا ہے ، روسی صدارتی دفتر نے مغربی طاقتوں کی جانب سے روسی تیل کی قیمت محدود کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس کا رد عمل دے گا ، کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اس معاہدے کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بعد باقاعدہ طور پر اس کا جواب دیا جائے گا ، قبل ازیں یورپی ممالک کے درمیان روسی تیل کی قیمت 60ڈالر فی بیرل تک محدود کرنے کا معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے مطابق روسی تیل کی قیمت 60ڈالر فی بیرل تک محدود کی جائے گی جبکہ معاہدے پر باقاعدہ عملدرآمد 5دسمبر کے بعد کیا جائے گا، پولینڈ نے قیمت کی حد کو مارکیٹ ریٹ سے 5 فیصد کم رکھنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ یورپی یونین اس حد کو 70سے 75ڈالر فی بیرل مقرر کرنا چاہتی تھی، جی سیون اور آسٹریلیا نے ایک علیحدہ اعلامیہ میں بتایا کہ انہوں نے بھی روسی تیل کی قیمت 60ڈالر فی بیرل تک محدود رکھنے پر اتفاق کرلیا ہے جس پر عملدرآمد 5دسمبرسے یا اس کے فوری بعد شروع کردیا جائے گا، پرائس کیپ کولیشن نامی اتحاد نے روس کیخلاف مزید اقدامات کا بھی اعلان کیا ہے تاہم اس کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں، جی سیون کی جانب سے روسی تیل کی قیمت 60ڈالر فی بیرل تک محدود کرنے کا مقصد ماسکو کی آمدنی میں کمی لانا ہے۔