عمران محسن کش منافقت کی انتہا کردی، باجوہ کو توسیع دینا غلطی تھی تو دوبارہ پیشکش کیوں کی، حکومت

December 05, 2022

اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے بارے میں عمران خان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے.

چیئرمین پی ٹی آئی کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوریت پر تازہ ترین حملہ ہے، یہ اپنے اقتدار کیلئے راستہ بنانا چاہتے ہیں چاہے ملک کی بنیادیں ہی کمزور ہو جائیں، جبکہ وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان محسن کش ہیں،جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینا بڑی غلطی تھی تو دوبارہ پیشکش کیوں کی، انکے ریٹائر ہوتے ہی منافقت کی انتہا کردی.

انہوں نے تو ابھی کچھ دیکھا ہی نہیں ، ہم نے بہت بھگتا ہے،سابق آرمی چیف سے غیر آئینی طور پر عدم اعتماد روکنے کا تقاضا کرتے رہے،انکار پر جھوٹے الزامات لگائے، انہیں کس چیز کی جلدی ،کون سی آگ بجھانی ہے ،2صوبوں کی حکومت تو چلا کر دکھائیں، نیب نے پاکستان کی اکانومی کا بیڑاغرق کیا ۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ نیب کے کالے قانون کو ختم ہونا چائے،ملک میں ایک ہی آدمی ہے جو روز کہتا ہے کہ مجھ سے غلطی ہوئی، نیب کا قانون مشرف نے بنایا جس کو عمران خان نے استعمال کیا، اس حوالے سے قانون سازی کر کے ایک نیا ادارہ بنانا چاہیے تھا ،ہم الیکشن سےبھاگنے والے نہیں الیکشن، لڑیں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سب کو ملکر ملک کیلئے سوچنا ہوگا، اسمبلیاں توڑنے کیلئے نہیں چلانے کیلئے بنتی ہیں،ہم جیلوں میں تھے توہمیں باہر بلا کر فارورڈ بلاک بنانے کا کہا گیا، ہم نے ادھر سے سن کر ادھر نکال کر واپس جیلوں میں چلے گئے جبکہ انکے پاس نہ جہاز ہیں نہ سہولت کار ہیں ہم پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے واپس لائے تھے ،اگر یہ ڈیفالٹ ہو جاتا تو سوچیں کیا حالات ہوتے.

ایک دن کہتے ہیں بات کروں گا دوسرے دن کہتے مذاق کیا تھا ،ہم سب نے سوچ سمجھ کر قانون سازی میں حصہ لیا تھا، اگر ہماری حکومت کیخلاف سازش نہ ہوتی تو چیزیں بہتر ہوتیں، اب دوبارہ کوشش کر رہے ہیں، عمران خان کے بقول ن لیگ کی حکومت تو صرف 27کلومیٹر پر مشتمل ہے ، عوام جسکی کارکردگی دیکھیں گے اسے ووٹ دینگے۔

آئین کے تحت تحریک عدم اعتماد لیکر آئےایک دوسرے کے گریبان پھاڑ کر ملک نہیں چلتا، پتہ نہیں عمران خان کب سنجیدہ ہوتے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان قومی اداروں کیخلاف سازشیں بند کریں تحریک انصاف ذاتی مفادات کیلئے ملک کے ساتھ کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی اداروں، خارجہ پالیسی، معیشت اور نظم ونسق کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی آجکل انٹرویوز کے ذریعہ ان سے اسٹیبلشمنٹ کے دھوکہ کا ناٹک کھیل رہے ہیں.

یہ حقیقت سب کو معلوم ہے کہ 2018 میںآ ر ٹی ایس سسٹم بیٹھا کر اسٹیبلشمنٹ انتہا کا ایکسپوز ہو کر انہیں برسراقتدار لائی،اس پاداش میں وہ انہیں کامیاب کروانے کیلئے ان کے ہر طرح کے نخرے اٹھاتی رہی،فو ج عمران نیازی کی نالائقیوں کو کور کرتی رہی،انکو مخالفین اور میڈیا کا گلہ گھوٹنے کی کھلی اجازت ملی.

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے روندنے پہ آنکھیں بند رکھیں مگر جب نیازی صاحب فیل در فیل ہوتے رہے اور اسکا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر ناقابل برداشت ہو گیا تو اس نے ان سے فاصلہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ کے ریٹائر ہوتے ہی تحریک انصاف والوں نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی جنرل (ر)باجوہ سے غیر آئینی طور پر تحریک عدم اعتماد کو روکنے کا تقاضا کرتے رہے، جب انکار ہوا تو جھوٹے الزامات پر اتر آئے۔جنرل باجوہ کے ریٹائر ہوتے ہی تحریک انصاف والوں نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ہے، غیر آئینی مطالبے کے بدلے میں پر کشش پیشکش کی گئی جس پر شرم آنی چاہیے۔