جیکولین فرنینڈس کو کاسمیٹک سرجری کے بارے میں بیان پر تنقید کا سامنا

December 06, 2022

جیکولین فرنینڈس، فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہجیکولین فرنینڈس کو سوشل میڈیا پر کاسمیٹک سرجری کے بارے میں دیے گئے بیان پر تنقید کا سامنا ہے۔

جیکولین فرنینڈس کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

اُنہیں اس ویڈیو میں ’مس سری لنکا‘ کے ایڈیشن 2006ء کے سوال جواب کے سیشن میں کاسمیٹک سرجری کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے کاسمیٹک سرجری کے بارے میں کہا کہکاسمیٹک سرجری ایک غیر منصفانہ فائدہ ہے، یہ مقابلہ حسن کے پورے تصّور کے خلاف ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ کیونکہ مقابلہ حسن خواتین کی قدرتی خوبصورتی کو سراہنے کے لیے ہوتا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اور اگر بات کاسمیٹک سرجری کی حوصلہ افزائی کرنے کی جائے تو اس صورتحال میں تو یہ مسئلہ بھی ہے کہ کون اس طرح کی سرجری کروانے کا خرچہ برداشت کر سکتا ہے‘۔

جیکولین فرنینڈس کا کہنا ہے کہ ’اس لیے کاسمیٹک سرجری مقابلۂ حسن کے معیار کے خلاف ہے‘۔

یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سےجیکولین فرنینڈس پر تنقید اس لیے کی جارہی ہے کہ جب وہ کاسمیٹک سرجری کو غیر منصفانہ فائدہ سمجھتی ہیں تو اُنہوں نے خود کاسمیٹک سرجری کیوں کروائی۔

واضح رہے کہ 2006ء میں اداکارہ نے مس یونیورس سری لنکا کا تاج پہنا اور مس یونیورس 2006ء میں اپنے ملک کی نمائندگی بھی کی تھی۔