مذہبی آزادی پر تحفظات بھارت تک پہنچاتے رہے ہیں، نیڈ پرائس

December 07, 2022

فائل فوٹو

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ مذہبی آزادی کے حوالے سے بھارت سمیت تمام ممالک سے بات چیت کرتے رہتے ہیں، مذہبی آزادی سے متعلق تحفظات بھارت تک پہنچاتے رہے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ مذہبی آزادی سے متعلق معلومات اپنے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی حاصل کرتے ہیں۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ بھارت کی بھی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے کہ مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے، مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا احترام ہماری مشترکہ بنیادی اقدار اور جمہوریت کا حصہ ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ سیکرٹری بلنکن نے حاصل شدہ حقائق میں فیصلہ کیا کہ بھارت کسی لسٹ میں شامل نہیں، اس کے باوجود ان ایشوز پر بھارت سے گفتگو کرتے رہیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی امریکی سفیر سے ملاقات کے سوال پر نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکی حکام مختلف سیاسی فریقین اور عہدیداران سے ملتے رہتے ہیں، کسی گروپ یا انفرادی شخص کی کسی امریکی عہدیدار سے ملاقات کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تصدیق کرسکتے ہیں کہ ڈونلڈ لو اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینیئر اہلکار ہیں، ڈونلڈ لو اسٹیٹ سیکرٹری برائے سینٹرل و ساؤتھ ایشیا ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل فواد چوہدری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے امریکی سفارت خانے میں ون آن ون ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی تھی۔