ہم تو الیکشن ایک سال بڑھانے کا سوچ رہے ہیں، فضل الرحمان

December 07, 2022

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تو الیکشن مزید ایک سال آگے بڑھانے کا سوچ رہے ہیں۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو ٹھیک کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ عمران خان ساڑھے 3 سال میں ملک کو دلدل میں پھنسا چکا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین نے ملک میں اتنی نفرتیں پیدا کی ہیں کہ ان سے بات چیت مشکل ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ عمران خان نواز شریف اور شہباز شریف کو چور کہتا ہے مگر فرح گوگی کو چور نہیں مانتا۔

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کے بعد پشاور کے نوادرات کا اسکینڈل بھی آرہا ہے، پشاور میوزیم کے نوادرات کس نے بیچے ہیں، اس کی تحقیقات بھی ضروری ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ صوبائی پارٹی کی مشاورت سے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن ہم نے بچایا، ہمارے دور میں ہی ملک گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آیا۔