سرکاری ملازمین پر توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے پر پابندی عائد ہوجائے گی، توشہ خانہ ترمیمی بل سینیٹ میں جمع

December 08, 2022

اسلام آباد ( آن لائن ) عمران خان کے توشہ خانہ سے تحائف لے کر فروخت کرنے کا معاملہ، توشہ خانہ کے انتظام اور ضابطے کی فراہمی کیلئے قانون سازی کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے سینیٹر بہرہ مند تنگی کی جانب سے توشہ خانہ ( مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن ) ترمیمی بل 2022 سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کر ا دیا ہے اس بل کی منظوری سے، صدرمملکت اور وزیراعظم سمیت تمام عوامی عہدیداروں پر توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے پر پابندی عائد ہوجائیگی۔توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف کو عوامی نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائیگا۔ قدیم اشیاء اور گاڑیاں وصول کنندگان کو خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوادرات کو عجائب گھروں میں رکھا جائیگا یا حکومت کی ملکیت والی سرکاری عمارتوں میں ڈسپلے کیا جائیگا۔ تحفے کے طور پر موصول ہونے والی گاڑیوں کو پہلے توشہ خانہ میں جمع کرایا جائیگا تاکہ انہیں کابینہ ڈویژن کے ٹرانسپورٹ/پروٹوکول پول میں منتقل کیا جا سکے۔