شہباز شریف سیاسی صورتحال پر گفتگو کیلئے شجاعت حسین کے گھر پہنچ گئے

December 18, 2022

وزیراعظم شہباز شریف سیاسی صورتحال پر اہم گفتگو کے لیے چوہدری شجاعت حسین کے گھر پہنچ گئے۔

لاہور کی رہائشگاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کی۔

اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے گھر آمد پر چوہدری شجاعت حسین کو گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزراء طارق بشیرچیمہ، چوہدری سالک حسین اور معاون خصوصی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف اور شجاعت حسین نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے لیے ریلیف کی کوششوں سے چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا۔

چوہدری شجاعت نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے باہمی اور اشتراک عمل کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے ضروری ہے۔

اس سے پہلے یہ خبر سامنے آچکی ہے کہ اگر چوہدری شجاع حسین ضامن بنیں تو ن لیگ پرویز الہٰی کی حمایت پر غور کرسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کی ضمانت کی حامی نہیں بھری ہے۔

ن لیگ کے لیے بھی ایک مشکل یہ ہے کہ انہیں پرویز الہٰی سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے اتحاد پی ڈی ایم کو اعتماد میں لینا ہے۔

ن لیگ کی پریشانی یہ بھی ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد جمع نہ کروائی تو یہ تاثر جائے گا کہ ن لیگ اسمبلیاں ٹوٹنے کی حامی ہے۔