داؤد یونیورسٹی کے تحت نئے ڈگری پروگرام اور ریسرچ جرنل کی منظوری

December 19, 2022

—فائل فوٹو

داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی اکیڈمک کونسل نے سیشن برائے 2023-2022ء میں بیچلر آف سائنس (بی ایس ) کے لیے 4 سالہ نئے ڈگری پروگرام ’سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی‘ کی منظوری دے دی۔

اس ڈگری پروگرام کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے این او سی لی جائے گی جب کہ یونیورسٹی کے نئے کثیر الشعبہ ریسرچ جرنل کے آغاز اور اشاعت کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا نام ’STEAM‘ رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔

شعبہ بیسک سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کے تحت انڈسٹریل کیمسٹری میں ایم فل، شعبۂ پیٹرولیم اینڈ گیس اور سول انجینئرنگ کے تحت ایم ایس پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اکیڈمک کونسل کا 18واں اجلاس جامعہ کے کانفرنس روم میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللّٰہ عباسی (تمغۂ امتیاز ) کی زیرِ صدارت منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر ذیشان میمن، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن سائنسز اینڈ ہیومنٹیز ڈاکٹر غلام عباس کاندھڑو، ڈین آرکیٹیکچر، پلاننگ اینڈ سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر یاسرہ نعیم پاشا، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹر سسٹم، الیکٹریکل، الیکٹرونک اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد زاہد تونیو، سابق وائس چانسلر مہران انجینئرنگ یونیورسٹی اے آر میمن، محکمۂ کالج ایجوکیشن کے نمائندے فقیر محمد لاکھو اور یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے چیئرپرسنز نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللّٰہ عباسی نے کہا کہ نئے پروگرامز کا آغاز داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے استحکام اور ترقی کی مثال ہے۔

ہمارا مقصد تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے اس لیے مارکیٹ میں رجحان رکھنے والے جدید کورسز متعارف کیے جا رہے ہیں۔