سندھ ہائیکورٹ: بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق درخواستوں پر حکم نامہ جاری

December 20, 2022

سندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران سیکریٹری بلدیات کی جانب سے جواب دائر نہ کرانے پر عدالت نے اظہار ناراضگی کیا۔

عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات اور ایڈیشنل سیکریٹری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت دے دی۔

عدالتی حکم کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ بھی آئندہ سماعت پر اپنی پیشی یقینی بنائیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے جواب دائر نہ کرانے کے متعلق ایڈیشنل سیکریٹری کی وجوہات غیر ضروری قرار دے دیں۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں آئندہ سماعت پر محکمہ بلدیات کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ اگر جواب جمع نہیں کرایا گیا تو عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔

عدالتی حکم کی کاپی اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور سیکریٹری بلدیات کو ارسال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

درخواست گزار کے وکلاء کا موقف ہے کہ بلدیاتی قانون کی ترامیم سپریم کورٹ کے حکم کے برعکس ہیں۔