اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

December 21, 2022

اسلام آباد ہائیکورٹمیں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن رکوانے کےلیے دائر درخواست سماعت کےلیے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اسلام آباد میں 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواست پر کل سماعت کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے امیدوار شہزاد اورنگزیب نے درخواست دائر کی۔

درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری داخلہ، الیکشن کمیشن اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد 101 سے بڑھا کر 125 کردی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن 101 یونین کونسلز کی حد تک تھا۔

وفاقی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم بھی تجویز کی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کر کے بلدیاتی الیکشن شیڈول کے مطابق کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے اسلام آباد کی 101 یونین کونسلز میں موجودہ ووٹر لسٹ کے تحت بلدیاتی الیکشن کرانے کے 20 دسمبر کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے اور نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹ کے تحت بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔