کل رات کمال کرنیوالوں نے کمال کر دیا: مونس الہٰی

December 23, 2022

مونس الہٰی—فائل فوٹو

مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ کل رات کو کمال کرنے والوں نے کمال کر دیا ہے۔

یہ بات رہنما مسلم لیگ ق مونس الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیرِاعلیٰ پرویز الہٰی کو کہنا تھا کہ اعتماد کا ووٹ لو۔

مونس الہٰی نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کروانا تھا، مگر اپنی گھبراہٹ میں ن لیگ اور پی ڈی ایم احمقانہ حرکت کر بیٹھی ہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما نے سوالیہ انداز میں یہ بھی کہا ہے کہ اب دوبارہ ہوٹل میں ککڑی کو منتخب کروائیں گے؟

گورنر پنجاب نے وزیرِ اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا

واضح رہے کہ گزشتہ شب گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔

گورنر پنجاب کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے آئین کے آرٹیکل 130(7) کے تحت جاری آرڈر میں مقررہ دن اور وقت پر اعتماد کا ووٹ لینے سے گریز کیا اس لیے انہیں ڈی نوٹیفائی کیا جاتا ہے، جبکہ اس آرڈر کے تحت پنجا ب کابینہ بھی تحلیل کی جاتی ہے۔

گورنر پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یقین ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کو اراکینِ اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں ہے۔

نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب کابینہ ختم ہو گئی، تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق نئے وزیرِ اعلیٰ کے آنے تک پرویز الہیٰ بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کام کرتے رہیں گے۔

ق لیگ اور PTI کا عدالت جانے کا فیصلہ

گورنر پنجاب کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں گورنر کے اقدام کے خلاف آج عدالت جانے کا فیصلہ کیا گیا۔