لاہورکی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے بھی سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور کر لی

December 23, 2022

سلیمان شہباز —فائل فوٹو

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی 7 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل کی جانب سے سلیمان شہباز کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

عدالت نے سلیمان شہباز کو 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے سلیمان شہباز اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔

ایف آئی اے نے بھی منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کا چالان جمع کرا رکھاہے۔

دوسری جانب سلیمان شہباز کی دائر کی گئی عبوری ضمانت کی درخواست میں ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں سلیمان شہباز نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں بلا جواز نامزد کیا، عدالت میں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے، بغیر اطلاع اشتہاری قرار دیا گیا، اشتہاری قرار دینے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

سلیمان شہباز نے عدالت سے استدعا کی کہ منی لانڈرنگ کے مقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

اس سے قبل آج ہی لاہور کی احتساب عدالت نے بھی سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ ریفرنس میں عبوری ضمانت منظور کی تھی۔