آئندہ انتخابات سے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، رضا ربانی

December 27, 2022

فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات اکیلے لڑنا ہیں یا پی ڈی ایم کے ساتھ یہ فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرضا ربانی نے کہا کہ 27 دسمبر ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اگر بےنظیر زندہ ہوتیں تو ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی جو آج ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ بےنظیر بھٹو نے کراچی تا خیبر اور لاہور تا کوئٹہ قوم کو یکجا کیا، انہوں نے کبھی تقسیم کی سیاست نہیں کی اور ہمیشہ ملک کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلیں۔

رضا ربانی نے کہا کہ آج ایک بار پھر ملک میں دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے، بےنظیر بھٹو کی پالیسی کی آج ملک و قوم کو ضرورت ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے مودی کے خلاف بیان کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی، مودی نے بھارت میں مسلم اقلیت کے قتل عام کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کوئی نئی بات نہیں، بین الاقوامی مالیاتی سامراج نے ہمیشہ ترقی پذیر ممالک کو غلام بنا کر رکھنےکی کوشش کی ہے۔