پاکستان میں پی ٹی آئی کیلئے روزانہ نئے قوانین بن رہے ہیں، فواد چوہدری

December 28, 2022

فواد چوہدری—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تحریک انصاف کے لیے روزانہ نئے قوانین بن رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام لوگوں نے ایوان میں کھڑے ہو کر استعفے دیے، اپریل کے بعد سے ہمارے ایم این ایز کو تنخواہیں نہیں ملیں، اسپیکر اور چیئرمین سینٹ کے عہدوں کا دنیا میں وقار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے لوگ بڑی کرسیوں پر بیٹھ گئے ہیں عہدوں کا وقار نیچے آ گیا ہے، استعفے دینے کے بعد اب تک ان نشستوں پر الیکشن نہیں ہوئے، استعفوں کے لیے اسپیکر کو خط لکھا، اسپیکر کا جواب نہ ادھر کا نہ ادھر کا آیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسپیکر ہمیں اب کہہ رہے ہیں کل آپ آ جائیں، اسپیکر اور ایم این ایز سارے غیرملکی دوروں پر رہتے ہیں، انکشاف ہوا کہ بلاول بھٹو کے دوروں پر 1.7 ارب روپے خرچ ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جاوید ہاشمی کیس میں طے ہوا تھا کہ ایوان میں کہا جائے تو استعفیٰ منظور ہو جائے گا، یہ تو نہیں ہو رہا کہ ہماری تنخواہیں پی ڈی ایم کا ٹولا لے رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ استعفوں پر عدالت کا کام نہیں کہ وہ مداخلت کرے، وکلا نے اعظم سواتی کے معاملے پر جاندار مؤقف اپنایا ہے، انہوں نے بیرون ملک جانے کا نام حکومت رکھا ہوا ہے۔

’جب ہم اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں تو وہ بھاگ جاتے ہیں‘

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو اثرات یہاں پر بھی آئیں گے، عدالت کا سیاست میں مداخلت کا کوئی کام نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حال آپ نے دیکھ لیا ہے، پاکستان میں عدالتی نظام نہیں رہا، جب ہم اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں تو اسپیکر بھاگ جاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عامر ڈوگر کی اسپیکر آفس سے بات ہوگئی ہے، انہوں نے ہمیں کل ملاقات کا وقت دیا ہے، کل رات اسپیکر قومی اسمبلی آسٹریلیا جا رہے ہیں، پہلے ڈالر نہیں مل رہے تھے، اب سونا نہیں مل رہا، کابینہ ساری بیرون ممالک کے دوروں پر ہے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ لوگ شہباز شریف کے ساتھ چین دورے پر گئے، چین نے کہا ہم صرف 5 بندوں کا خرچہ برداشت کریں گے، پاکستان کے مسئلے ایسے نہیں کوئی امپورٹڈ ٹیکنوکریٹ آ کر نظام چلائے، پاکستان کے مسئلے کا حل صرف انتخابات ہیں، حکومت تو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار نہیں۔

’افغانستان میں صرف عمران خان کی عزت ہے‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم ایک بڑے منصوبے کے تحت آگے بڑھ رہے تھے، افغانستان میں صرف ایک پاکستانی لیڈر عمران خان کی عزت ہے، باقی پاکستانی لیڈروں نے افغانستان میں خون کی ہولی کھیلی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے ہاتھ افغانستان کے شہریوں کے خون سے نہیں رنگے، افغانستان کے طالبان کی قیادت صرف عمران خان کی عزت کرتی ہے، فاٹا کو ضم کیا گیا مگر وہاں ایک روپیہ نہیں دیا، صرف بم مارنے سے مسئلے حل نہیں ہوتے۔