امن کی امیدوں، خوشحالی کی تمناؤں کےساتھ پاکستان میں نئے سال کا استقبال

January 31, 2016

کراچی......امن کی امیدوں اور خوشحالی کی تمناؤں کے ساتھ پاکستان میں نئے سال کا استقبال،آسمان پر رنگ ونور کی برسات،کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں جشن،، منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔جیونیوزکی جانب سےتمام اہل وطن کونیاسال مبارک ہو۔

نیا سال نئی خوشیاں،نیا انداز،کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں جشن منایا جارہا ہے اور آتش بازی کی جارہی ہے،کئی جگہ پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ہے۔

کراچی میں سی ویو، پورٹ گرینڈ، فائیواسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد سمیت شہر بھر میں جگہ جگہ آتش بازی کی جارہی ہے اور مرد و خواتین کاروں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار ہو کر نئے سال کا جشن منانے نکل آئے ہیں] کئی مقامات پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

لاہور میں بحریہ ٹاؤن میں نئے سال کا جشن منانے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے اس کے علاوہ شہر میں مختلف مقامات پر لوگ نئے سال کو منانے کیلئے نکل آئے ہیں اور بارہ بجتے ہی شہر پٹاخوں اور ہوائی فائرنگ کی آواز سے گونجنے لگا،آتش بازی سے ماحول جگمگااٹھا۔
شیخوپورہ میں نئےسال کی آمدپرمختلف علاقوں میں آتش بازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔شیخوپورہ کے ریگل چوک پر پیپلزپارٹی کے رہنماکاشف عارف نےنئےسال کاکیک کاٹا،سال نوکی آمد پررہنمامسلم لیگ(ن)ندیم کاظمی کی رہائش گاہ پرمحفل میلاد منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

پشاور میں نیو ایئر نائٹ پر نوجوان سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے بارہ بجتے ہی گانوں پر رقص کیا۔پشاور پولیس کی جانب سےنیو ائیرنائٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں نئےسال کی آمد پر نوجوان اورمنچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پرآگئی،جڑانوالہ روڈ پرنوجوانوں نے گاڑیوں پر ہلہ گلہ کیا اور مختلف گانوں پررقص کیا۔

نئے سال کا جشن ضرور منائیں لیکن گولیاں نہ چلائیں، ہلڑ باز باز آجائیں،سیکیورٹی سخت ہے، انتظامیہ ہلڑبازی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، ون ویلنگ، بغیر سائلنسر کی موٹرسائیکل اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو دھرلیا جائے گا،سال کی پہلی رات حوالات میں گزرے گی۔