کراچی بلدیاتی الیکشن، پولنگ سامان کی ترسیل جاری

January 14, 2023

کراچی میں اتوار (15 جنوری) کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔

کراچی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے کیمپ آفس میں پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

پولنگ کا سامان پہنچنے کے بعد ڈی آر او آفس میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

اب ڈی آر او آفس سے انتخابی سامان آج مختلف پولنگ اسٹیشنز پر بھیجا جائے گا۔

ضلع شرقی میں بلدیاتی انتخابات کا سامان لینے کے لیے پولنگ عملہ پہنچ گیا۔

پولنگ عملے کا کہنا ہے کہ ترسیل کا آغاز دن 3 بجے کے بعد ہوگا۔

ادھر ڈی آر او ملیر کے آفس سے انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ضلع ایسٹ میں بھی انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ راجہ طارق حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔

راجہ طارق حسین نے کہا کہ سرد موسم کے باعث عملہ تھوڑی دیر سے آیا،جن افسران نے ڈیوٹیاں تبدیل کرانی تھیں وہ 4 ماہ سے کہاں تھے؟ انشا اللّٰہ کل انتخابات ہوں گے۔

دوسری جانب بلدیہ کے ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ گنجان آباد علاقہ ہونے سے کالج میں انتخابی سامان نہیں رکھ سکتے، انتخابی سامان کی ترسیل کچھ دیر بعد شروع ہوگی۔

ریٹرننگ آفیسر امتیاز علی کے مطابق انتخابات بار بار ملتوی ہونے کی وجہ سے پولنگ کے لیے رکھی سیاہی بھی خشک ہوگئی تھی۔

امتیاز علی کا کہنا ہے کہ پولنگ کے لیے سیاہی دوبارہ خریدنی پڑی۔

بدین میں بھی الیکشن کی تیاریاں جاری

دوسری جانب ضلع بدین میں بھی کل ہونے والے انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے۔

بدین میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق 656 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں 9 لاکھ 3 ہزار 490 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ٹھٹھہ میں الیکشن کے حوالے سے تیاریاں

ٹھٹھہ میں انتخابی سامان دینے کے لیے 5 پوائنٹس بنائیں گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے 320 پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

ٹھٹھہ میں 43 خواتین، 45 مردوں اور 232 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

ٹھٹھہ میں کل 5 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کل کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔