سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

January 14, 2023

فائل فوٹو

سندھ حکومت نے کل کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیےصوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں کل ہونے والے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔


خط کے متن مطابق سیکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہو سکتا ہے۔

سندھ حکومت نے خط میں لکھا ہے کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونے تک بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے جائیں۔

خط کے متن کے مطابق سندھ کابینہ نے کراچی ڈویژن اور حیدرآباد ڈسٹرکٹ میں یونین کمیٹیز کی تعداد کا نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ نے سیکیورٹی اہل کاروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے لیے عدم دستیابی پر بھی اظہار تشویش کیا تھا، الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہل کاروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے لیے عدم دستیابی پر تشویش کا جواب نہیں دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں حساس اداروں کے اجلاس میں سندھ میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

قومی سلامتی کے اداروں نے الیکشن کمیشن کو اجلاس کی کارروائی سے آگاہ کیا تھا۔

حساس اداروں کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی خدشات ہیں، الیکشن ملتوی کیے جائیں۔

دوسری جانبالیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا تھا کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا تھا کہ سندھ کے بلدیاتی قانون میں ہے کہ الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد حلقوں کی حدود تبدیل نہیں ہو سکتیں، سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن ایس ایل جی اے قانون کی خلاف ورزی ہیں۔