نواز الدین کی والدہ نے بہو کے خلاف مقدمہ درج کروادیا

January 23, 2023

نواز الدین صدیقی کی والدہ کی درخواست پر عالیہ پر تعزیرات ہند کی دفعہ 452، 323 اور 504 کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے۔

بالی ووڈ کے اسٹار اداکار نواز الدین صدیقی کی والدہ نےجائیداد کے تنازع پر اپنی بہو عالیہ کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز الدین صدیقی کی والدہ مہرالنساء صدیقی نے ویرسوا پولیس اسٹیشن میں اپنی بہو عالیہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نواز الدین صدیقی کی والدہ نے تعزیرات ہند کی دفعہ 452، 323 اور 504 کے تحت مقدمہ درج کروایا۔

رپورٹ کے مطابق ویروسوا پولیس نے عالیہ کو نواز الدین صدیقی کی والدہ سے جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے بلوایا۔

عالیہ نواز الدین کی دوسری بیوی ہیں، اُن کا اصل نام انجنا کشور پانڈے ہے، دونوں نے ایک دہائی قبل شادی کی تھی، جس سے اُن کے دو بچے بیٹا یعنی صدیقی اور بیٹی شوریٰ صدیقی ہیں۔

عالیہ نے 2020ء میں نواز الدین صدیقی کو طلاق کےلیے قانونی نوٹس بھجوایا تھا، جس میں علیحدگی کی وجہ گھریلو تشدد کو بتایا، ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ نواز الدین نے نہیں بلکہ اُن کے بھائی شمس صدیقی نے ہاتھ اٹھایا۔

اس کے بعد 2021ء میں عالیہ نے نواز الدین صدیقی سے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور میڈیا کو بتایا کہ اس سے پہلے وہ اپنے بچوں کو کبھی توجہ نہیں دے پاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہماری کوشش ہے کہ تمام مسائل مشترکہ کوشش سے دور کیے جائیں، ہماری غلط فہمیوں کی دوری سے متعلق گفتگو جاری ہے۔

عالیہ کی طرف سے شادی شدہ زندگی میں بہتری کی خواہش کے بعد نواز الدین نے بھی پہلی بار اس معاملے پر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں کرتے۔

اداکار نے مزید کہا کہ وہ میرے بچوں کی ماں ہے، ہم نے ایک دہائی ساتھ گزاری ہے، میں ہر معاملے پر اُس کا ساتھ دوں گا ،چاہیے کچھ بھی ہو۔

نواز الدین صدیقی آخری بار ٹائیگرو شروف اور تارہ ستاریا کی فلم ہیروپنتی 2 میں ولن کے کردار میں نظر آئے۔

ان کی کئی فلمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں، جن میں سے ایک میں وہ ٹرانس ویمن کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔

ان کی فلم ٹیکو ویڈز شیرو، بولے چوڑیاں، جوگیرا سارا را اور افواہ فی الحال پائپ لائن میں ہیں۔