بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے ہر فلم پر 50 سے 100 کروڑ کا معاوضہ وصول کرنے سے متعلق سوال پر دلچسپ ردعمل دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے کمار نے اپنی نئی فلم ’سیلفی‘ کے ٹریلر کی لانچنگ کے موقع پر صحافی کے فی فلم معاوضے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نرالے انداز میں جواب دیا۔
فلم’سیلفی‘ میں اکشے کمار کے ساتھ عمران ہاشمی، نصرت بروچا اور ڈیانا پینٹی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، جس کا ٹریلر اتوار کو ریلیز کیا گیا۔
اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صحافی نے اکشے کمار سے اُن کی فی کس فلم آمدنی سے متعلق سوال پوچھ لیا۔
اس پر بالی ووڈ کے کھلاڑی نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ فلم کی آمدنی سے متعلق خبروں پر میرا ردعمل ہمیشہ اچھا ہوتا ہے، آپ کا ردعمل کیسا ہوتا ہے؟ مجھے بتائیں اس معاملے پر آپ کی شیروانی میں کیا مسئلہ ہے؟
صحافی نے اکشے کمار کو جواب دیا کہ مجھے تو اچھا لگتا ہے، اس پر اداکار نے کہا کہ اچھا لگنا بھی چاہیے، یہی مثبت بات ہے، دعا ہے تیرے ساتھ بھی ایسا ہی ہو۔
اس سے قبل نومبر 2022ء میں اکشے کمار نے ایک انٹرویومیں بتایا تھا کہ عالمی معاشی بحران کے پیش نظر میں نے اپنے معاوضے میں 30 تا 40 فیصد کمی کی ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی فلم کے ٹکٹ مہنگے ہونے کے معاملے پر کہا کہ سنیما مالکان کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ لوگوں کے پاس تفریح پر خرچ کرنے کے لیے بہت کم پیسے ہیں۔
بالی ووڈ کے کھلاڑی نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں صرف سنیما مالکان ہی نہیں ہر ایک کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر اپنی فلم سیلفی کا ٹریلر ریلیز کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس کہانی کا ولن کون ہے یہ تو نہیں پتا لیکن ہیرو سیلفی ہے۔
یہ فلم 24 فروری کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، اکشے کمار کے مداح انہیں ’او ایم جی 2‘ اور ’بڑے میاں اور چھوٹے میاں‘ میں بھی دیکھیں گے۔