اسٹاک مارکیٹ، اتار چڑھاؤ کے بعد مثبت رجحان، 36 پوائنٹس کا اضافہ

January 24, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، مانیٹرنگ پالیسی کے انتظار میں سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ، محدود کاروبار کے باعث اتار چڑھاو کے بعد مثبت رحجان، کے ایس ای100 انڈیکس میں 36پوائنٹس کا اضافہ، سرمایہ کاری مالیت 99 کروڑ 72 لاکھ روپے بڑھ گئی ،50.47 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی، کاروباری حجم بھی 13.01فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ میں انتہائی محدود سرگرمی ریکارڈ کی گئی ،پیر کو اگرچہ ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس سے 100انڈیکس 272پوائنٹس تک کم ہو گیا لیکن پھر کچھ سیکٹرز میں خریداری سے صورتحال تبدیل ہو ئی اور انڈیکس میں 146پوائنٹس تک اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم اختتام پر اس اتار چڑھاو کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 35.61 پوائنٹس کے معمولی اضافے سے 38443.59 پوائنٹس پر آکر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس بھی 43.63پوائنٹس کے اضافے سے 14266.41 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 4.23پوائنٹس بڑھنے کے بعد 25999.40 پوائنٹس پر آگیا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 315کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 130 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،159 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور26 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،سرمایہ کاری مالیت 99 کروڑ 72 لاکھ 75ہزار روپے کے اضافے سے 6135 ارب 7 کروڑ 92 لاکھ 75ہزار روپے ہو گئی ،محدود کاروبار کے باعث کاروباری حجم ایک کروڑ 21 لاکھ 62ہزار شیئرز کی کمی سے 8 کروڑ 12 لاکھ 87ہزارشیئرز ریکارڈ کیا گیا۔