مجھے لگتا ہے پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے، جمائما

January 24, 2023

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے، مجھے اس ملک سے والہانہ لگاؤ ہے، پاکستان میں میرے بہت دوست ہیں، مجھے وہاں بہت محبت ملتی ہے، اس معاملے میں میں بہت خوش نصیب ہوں۔

لندن میں جیو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں جمائما گولڈاسمتھ نے کہا کہ میں نے پاکستان کو ایسا خوبصورت دکھایا ہے جیسا میں اسے جانتی ہوں۔ فلم ’واٹس لَو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ پاکستان کے لیے محبت بھرا خط ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا میں پاکستان کو ڈراؤنے انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

فلم سے متعلق سوال پر جمائما کا کہنا تھا کہ میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی، جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرا، خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تھی تو سوچتی تھی کہ مغربی اسکرین پر پاکستان کو کس طرح دکھایا جاتا ہے۔ زیرو ڈارک تھرٹی اور ہوم لینڈ جیسی مغربی فلموں میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کو منفی دکھایا جاتا ہے۔

جمائما نے کہا کہ مجھے موقع ملا میں پاکستان سے متعلق رومانوی اور مزاح سے بھرپور فلم بنا سکوں، اس فلم میں بہترین اداکاروں کو شامل کیا گیا۔ اس میں سجل علی جیسی خوبصورت اور قابل پاکستانی اداکارہ شامل ہیں، بھارت سے شبانہ اعظمی جیسی بڑی اداکارہ بھی فلم میں اداکاری کر رہی ہیں۔

جمائما نے مزید کہا کہ میں پاکستان کو اپنے اور آپ جیسا دکھا سکوں اور میں پُرامید ہوں یہ فلم پاکستان کے نام میرا ’لَو لیٹر‘ ثابت ہوگی۔ ایسی سرزمین جہاں میں نے ابتدائی زندگی گزاری، 20 سال کی عمر میں آئی اور 10 سال وہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے، مجھے اس ملک سے والہانہ لگاؤ ہے، پاکستان میں میرے بہت دوست ہیں، مجھے وہاں بہت محبت ملتی ہے، اس معاملے میں میں بہت خوش نصیب ہوں۔