• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان بھارتی فلموں کے پوسٹرز سے غائب

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

شکست خوردہ اور خوفزدہ بھارت اوچھکے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا، پاک افواج کے سامنے بس نہ چلا تو اداکار ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان کو بھارتی فلموں کے پوسٹرز سے غائب کردیا۔

بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستانی مواد پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستانی فنکاروں کو بھارتی میڈیا سے بڑی حد تک نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، راج نیتی اور سیکیورٹی کے نام پر فنکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بھارتی میڈیا اور  انڈسٹری میں ایک اور متنازع قدم اٹھایا گیا، پاکستانی فنکاروں ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان کو اُن بھارتی فلموں کے آفیشل پوسٹرز اور میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

ماہرہ خان کو فلم رئیس کے نئے تھمب نیل سے ہٹا دیا گیا ہے، اب وہاں صرف شاہ رخ خان کی تصویر موجود ہے۔

فواد خان کی بالی ووڈ فلم کپور اینڈ سنز کا گانا بدھو سا من یوٹیوب انڈیا میں بلاک کر دیا گیا، ویڈیو پر لکھا آرہا ہے کہ یہ ویڈیو آپ کے ملک میں دستیاب نہیں ہے۔

ماورا حسین، جو فلم صنم تیری قسم سے بالی ووڈ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، اب نئے پوسٹرز سے مکمل طور پر ہٹادی گئی ہیں، حتیٰ کہ اسپاٹی فائے (Spotify) جیسے پلیٹ فارمز پر بھی ان کی تصویر موجود نہیں۔

جب فلم کے سیکوئل صنم تیری قسم 2 کی بات چلی تو اسی دوران پاک بھارت گشیدگی پر ماورا کے کو اسٹار اداکار ہارش وردھن رانے نے پاکستان مخالف بیانیہ اپنایا اور کہا کہ وہ ماورا کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔ 

پاکستان کے معروف اداکار عامر گیلانی اور ماورا کے شوہر نے پاکستانی فنکاروں کو فلمی پوسٹرز اور کریڈٹس سے ہٹانے کے اقدام پر سخت ردعمل میں کہا کہ کسی کی تصویر ہٹانا یا کریڈٹ ختم کر دینا اصل حقیقت کو نہیں بدل سکتا۔ ماورا، ماہرہ اور فواد جیسے فنکار ان پروجیکٹس کا لازمی حصہ رہے ہیں، بہتر ہوگا کہ بھارت اپنی توانائی فنکاروں کو مٹانے کے بجائے معیاری مواد تخلیق کرنے پر لگائے۔

انٹرنیٹ صارفین نے بھارت کے اقدامات کا بھرپور مذاق اُڑایا، صارفین نے کہا کہ ماورا کو فلم کے پوسٹر سے ہٹایا، تو فلم سے بھی نکال کر دکھائیں، وہ ماورا ہے، کوئی معمولی اداکارہ نہیں۔ آج بھی انڈیا میں لاکھوں فینز ہیں، پاکستان کو ورلڈ میپ سے ہٹانے کی بات کرنے والے اب ماورا کو پوسٹر سے ہٹا رہے ہیں، کیا ہی مذاق ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید