پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار اذان سمیع خان کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے اپنے مرحوم دادا ارشد سمیع خان کی یاد دلا دی جو پاک فضائیہ میں اسکواڈرن لیڈر تھے۔
اذان سمیع خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر 1965ء کی جنگ میں کامیابی کے بعد پاک فضائیہ کے افسران کے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس ویڈیو میں گلوکار کے مرحوم دادا اسکواڈرن لیڈر ارشد سمیع خان (ر) اور دیگر افسران میڈیا کو انٹرویو میں بہت خوشی اور فخر سے یہ بتاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ہم نے بھارتی جنگی جہازوں کو چھوٹے پرندوں کی طرح مار گرایا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے بھارت کے جو جنگی جہاز مار گرائے ان میں 9 سے 10 مِگ (MiG) طیارے شامل تھے۔
حالیہ کشیدگی کی طرح بھارت نے 1965ء کی جنگ میں بھی پاکستانی جہاز گرانے کے جھوٹے دعوے کیے تھے۔
انٹرویو کی وائرل ویڈیو کلپ میں اس حوالے سے اس وقت کے پاک فضائیہ کے افسران یہ بتاتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ ہمارے خیال سے ایسا ممکن نہیں ہے کہ بھارتی فوج ہمارے طیارے گرا سکے، ہمیں جنگ کے دوران ایک موقع پر ایسا لگا تھا کہ وہ ہمارے طیاروں کو ٹارگٹ کر سکتے ہیں لیکن ہم نے اُنہیں پیچھے ہٹ جانے پر مجبور کر دیا۔
پاک فضائیہ کے افسران انٹرویو میں بھارتی فوج کو خبردار کرتے بھی نظر آئے کہ اب مزید برطانیہ کے تیار کیے ہوئے طیارے مت بھیجیے گا کیونکہ ہم یہاں آپ کے جنگی جہازوں کی بہت بری تشہیر کر رہے ہیں۔
پاک فضائیہ کے افسران کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنگ میں اس بات سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کے آپ کتنا بہترین جنگی سامان استعمال کرتے ہیں بلکہ ایک فوجی کی ہمت اور حوصلہ زیادہ معنی رکھتا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا کہ مرجھایا ہوا شخص ایک بہترین جنگی جہاز لے کر آئے اور جنگ جیت جائے۔
یہ وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد قوم فخر سے یہ کہہ سکتی ہے کہ برطانوی اور روسی طیاروں سے لے کر فرانس کے تیار کردہ دنیا کے بہترین رافیل طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے بھی بھارتی فوج پاکستانی شاہینوں کو مار گرانے میں مسلسل ناکام رہی۔
6 دہائیوں کے بعد حالیہ کشیدگی میں بھی پاک فضائیہ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پہلے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اسے دھول چٹائی اور پھر پریس کانفرنس میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بھارت کی جانب سے کیے گئے جھوٹے دعوؤں پر طنز و مزاح کے نشتر چلائے جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے۔
یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 طیارے اور ڈرونز مار گرائے۔
پاک فضائیہ نے جو بھارتی طیارے مار گرائے ان میں فرانسیسی کمپنی کے تیار کردہ جدید طرز کے رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔