اسحاق ڈار کے معجزے سامنے آگئے، پٹرول اضافے پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا تبصرہ

January 29, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے جو معجزے کرنے تھے وہ سامنے آگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے پیٹرول مہنگا ہونے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گھر جانے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار صاحب نے جو معجزے کرنے تھے ،وہ آپ کے سامنے آگئے، اب وہ مہربانی کریں اور گھر جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کل بی بی انگلینڈ سے تشریف لے کر آئیں اور فرمایا اسحاق ڈار پر اعتماد کریں وہ حالات بہتر کردیں گے، آج ڈیزل اور پیٹرول 35، 35 روپے مہنگا ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام ہی نہیں ان کی اپنی پارٹی بھی انہیں برا بھلا کہہ رہی ہے، مریم نواز بھی صرف سمدھی ہونے کی وجہ سے خاموش ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل مہنگا ہونے کا اثر ہر چیز پر پڑتا ہے، اپنے اللے تللوں سے یہ باز نہیں آئیں گے، یہ کوشش کر رہے ہیں کہ عمران خان کا بدلہ عوام سے لیا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فارن ریزرو ساڑھے 3 بلین رہ گیا، اگلی قسط جو آرہی ہے، وہ اس سے بھی زیادہ بھیانک ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آپ کے پاس اگلے 3 ہفتے کی امپورٹ کے پیسے ہیں، دوائیوں کی ایل سیز نہیں کھل رہیں، جان بچانے والی ادویات اب دستیاب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار پاکستان میں 4 سال رہتے تو پتا چلتا کہ لوگ کن تکلیفوں سے گزر رہے ہیں، عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جس نے عوام کا سوچا۔