سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پیٹرولیم مصنوعات پر 7 روپے کے اضافے پر غصہ ہونے والی ن لیگی قیادت 35 روپے اضافے پر خاموش ہے۔
سابق وزیراعظم اور ن لیگی قائد نواز شریف مفتاح اسماعیل کے پیٹرولیم مصنوعات پر 7 روپے کے اضافے پر غصہ ہوگئے تھے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) حکومت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے اضافے کا اعلان کیا ۔
ن لیگی قیادت ڈار کے 35 روپے کے اضافے پر تاحال خاموش ہے، پارٹی قیادت قیمت میں غیر معمولی اضافے پر فوری ردعمل سے گریز کر رہی ہے۔
گزشتہ سال 16 اگست کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا تو لیگی قیادت نے سخت ردِعمل دیا۔
مریم نواز نے بتایا تھا کہ ’میاں صاحب نے نہ صرف پیٹرول مہنگا کرنے کی مخالفت کی بلکہ یہاں تک کہا کہ عوام پر مزید ایک پیسے کا بوجھ قبول نہیں۔‘
مریم نواز نے مزید کہا تھا کہ نواز شریف یہ کہہ کر میٹنگ سے اٹھ کر چلے گئے تھے کہ حکومت کی مجبوری ہے تو وہ اس فیصلے میں شامل نہیں۔