امیر ملکوں میں مہنگائی کے باعث ترسیلات زر میں کمی، اسٹیٹ بینک

January 30, 2023

کراچی (نیوز ایجنسیاں) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہےکہ ورکرز ترسیلات عالمی کساد بازاری اور مہنگائی کے سبب کم ہوئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اپریل 2022 میں عید ترسیلات کے سبب ورکرز ترسیلات 3.1 ارب ڈالر ہوئی تھیں، ورکرز ترسیلات عالمی کساد بازاری اور مہنگائی کے سبب کم ہوئی ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر کا بھاؤ کیپ کرنے سے 3 ارب ڈالر نقصان کی باتیں غلط ہیں، برآمدات عالمی کساد بازاری کا منفی اثر لے رہی ہیں، بیشترممالک کے شرح سود بڑھانے سے پاکستانی مصنوعات کی طلب کم ہو رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہےکہ ترقی یافتہ ملکوں میں مہنگائی نے اخراجات بڑھائے اس لیے بھی ترسیلات زر کم ہوئی ہیں، کووڈ کے بعد پاکستان آنے والے اپنے ساتھ نقد ڈالر لا رہے ہیں، برآمدات اور ترسیلات میں کمی کے اسباب کئی ہیں، صرف شرح تبادلہ وجہ نہیں۔