کراچی، گٹر کا پانی سڑکوں پر جمع ہونا معمول، شہری اذیت کا شکار، بلدیاتی حکام توجہ دینے میں توہین محسوس کرنے لگے

January 30, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر کے کئی علاقوں میں سیوریج کے پانی کے باعث شہریوں کو سخت ترین مسائل کا سامنا ہے تاہم واٹر بورڈ اور بلدیاتی حکام اس جانب توجہ دینے کو اپنی توہین محسوس کررہے ہیں، شہر کے تمام ٹاؤن میں اندرون محلہ تو گلیوں اور سڑکوں پر گٹر کا پانی جمع رہنا روز کا معمول بن گیا ہے تاہم مرکزی سڑکوں پر بھی سیوریج لائن کےپانی کی وجہ سے ٹریفک بھی جام دکھائی دے رہا ہے، ایم اے جناح روڈ پر نمائش سے گل پلازہ تک پوری سڑک پر گٹر کا پانی جمع ہے،لیاقت آباد دس نمبر سے ڈاک خانے تک، گولی مار چورنگی سے بڑا بورڈ جانے والی سڑک،ناظم آباد گول مارکیٹ،نارتھ کراچی جہاز والی چورنگی سے دونوں جانب جانے والی سڑکوں ، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، واٹر پمپ، گلبرگ میں بھی شادی ہالوں ، مساجد اور اسکولوں کے نزدیک گٹر لائن بہنے سے لوگوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے، فیڈرل بی ایریا بلاک نو دستگیر ٹال والا اسٹاپ کے علاوہ ایوب منزل سے عائشہ منزل جانے والی سڑک کے دونوں جانب سیوریج کے پانی کی وجہ سے شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں ، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاک میں سڑکیں پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ گندے پانی کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو آمد ورفت میں حد درجہ دشواری درپیش ہے، اس صورت حال سے خواتین اور بچوں کے علاوہ نمازیوں کو سخت مسائل کا سامنا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار کی اپیل کے باجود متعلقہ حکام اس مسئلے کو حل کرنے پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔