فلور ملز کو کوٹے کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے، سیکرٹری خوراک

January 31, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری خوراک پنجاب نادر چٹھہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے فلور ملز کو کوٹے کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے جبکہ عام مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 42 سو روپے سے بھی کم ہوگئی ہے، جس سے عوام کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔سیکرٹری خوراک نے کہا کہ عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرکنگ پوائنٹس میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔لاہور ڈویژن میں 15 کلو آٹے کا نجی تھیلا 18 سو روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ صوبہ بھر میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاہم سپلائی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے مارکیٹ مستحکم رکھنے کیلئے سرکاری کوٹہ جاری رہے گا جبکہ منفی پراپیگنڈے اور خورد برد میں ملوث مافیا کو شکنجہ میں لیا جا رہا ہے۔