پاک روس توانائی ڈیل، امریکا روکنے کی کوشش کریگا، روس

January 31, 2023

فائل فوٹو

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ امریکا پاک روس توانائی ڈیل روکنے کی کوشش کرے گا۔

پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کے ساتھ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکا شرمناک اور غرور بھرے لہجے میں ہر ملک کو روس سے تجارت کرنے سے روکتا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکا نےحال ہی میں چین کو بھی دھمکایا ہے، جبکہ بھارت، ترکی اور مصر کو بھی دھمکیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاک روس توانائی ڈیل میں بھی حائل ہوگی، پاکستان سمیت دیگر ممالک کی اکثریت اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتی ہے۔

لاروف کا کہنا تھا کہ ہم باخبر ہیں کہ مغربی ممالک کیا اقدامات کرسکتے ہیں، وہ صرف پابندیوں کی دھمکیاں ہی نہیں بلکہ دہشتگردی پر بھی اتر سکتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی ممالک نارڈ اسٹریم ون اور 2 کو سبوتاژ کرنے جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔