حضور اکرمﷺ کا حجرہ مبارک !

February 01, 2023

میں کچھ روز قبل ہی دورہ مراکو سے وطن واپس لوٹا ہوں۔ پاک مراکو بزنس فورم کے صدر اور مراکو کے اعزازی قونصل جنرل کی حیثیت سے میری سربراہی میں مراکو جانے والے 30ممتاز پاکستانی بزنس مینوں کے وفد کا دورہ اور مراکو کے شہر کاسابلانکا میں ’’بریانی فیسٹیول‘‘ کا انعقاد نہایت کامیاب رہا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ 5 روزہ دورہ مراکو کی سب سے اہم بات وفد کا رباط میں ICESCO کے صدر دفتر میں سیرت النبی ﷺاور اسلامی تہذیب پر مبنی نمائش اور میوزیم کا دورہ تھا جس نے مجھ سمیت وفد میں شامل ہر فرد کو متاثر کیا اور ہمارے ایمان تازہ کردیئے۔

سیرت النبی ﷺاور اسلامی تہذیب پر مبنی نمائش اور میوزیم دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ، میوزیم میں داخل ہوتے ہی حضور اکرمﷺ کے حجرہ مبارک کی نقل بنائی گئی ہے جو دیکھنے میں اصل لگتی ہے اور اس میں حضور اکرمﷺ کے زیر استعمال اشیاء، پانی کی مشک، تلواریں، تیر کمان، زرہ بکتر اور وہ چٹائی بھی موجود ہے جس پر حضور اکرمﷺآرام فرماتے تھے اور اُن کے جسم مبارک پر نشانات پڑجاتے تھے۔ میوزیم میں ایک مقام پر 1400سال قبل نبی کریم ﷺ کے دور کے مدینہ منورہ اور شہر کی گلیوں کو دکھایا گیا ہے جہاں حضور اکرمﷺ اور صحابہ کرامؓ کے گھر موجود ہیں۔ بعد ازاں ہمیں ایک بڑے ہال میں لے جایا گیا جس کی دیواروں، چھت اور فرش پر قد آور اسکرینیں نصب تھیں جن پر ورچوئل رئیلٹی (Virtual Reality) اور 3D Imaging پروجیکشن کی مدد سے حضور اکرمﷺ کے حجرے اور وہاں موجود اُن کی ذاتی استعمال کی اشیاء کو اس خوبصورتی سے دکھایا گیا کہ دیکھنے والے کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ خود حضور اکرمﷺ کے حجرے میں موجود ہے۔ اِن مناظر میں دکھایاگیا کہ نبی کریمﷺ نے اپنی زندگی کے آخری ایام اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے حجرہ مبارک میں گزارے اور وہیں اُن کا انتقال اور تدفین ہوئی۔ نبی کریمﷺ کے روضہ مبارک میں آپﷺ کی قبر مبارک کے ساتھ پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیقؓ اور دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقؓ کی قبور مبارک بھی موجود ہیں۔

حضور اکرمﷺ کی سیرت طیبہ اور اسلامی تہذیب متعارف کرانے کیلئے مسلم ورلڈ لیگ نے 2021 میں اس میوزیم کا افتتاح مدینہ منورہ میں کیا تھا لیکن میوزیم کو پہلی بار سعودی عرب سے باہر مراکو میں متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد انصاف، امن، صلہ رحمی، بھائی چارگی اور پیار محبت پر مبنی حضور اکرمﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔ مراکو میں اس میوزیم کا افتتاح کچھ ماہ قبل مراکو کے بادشاہ محمد ششم کے صاحبزادے ولی عہد شہزادہ مولائے الحسن نے کیا تھا۔ مسلم ورلڈ لیگ کا منصوبہ ہے کہ اس موبائل میوزیم کو دنیا کے دوسرے اسلامی ممالک میں بھی لے جایا جائے۔ حکومت پاکستان سے درخواست ہے کہ مسلم ورلڈ لیگ اور سعودی حکومت سے رابطہ کرکے اس میوزیم کو مراکو کی طرح پاکستان میں بھی کچھ عرصے کیلئے لائے تاکہ پاکستان کے مسلمان بالخصوص نوجوان نسل، حضور اکرمﷺ کی سادہ طرز زندگی سے مستفید ہوسکیں۔

نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے جسے دنیا میں متعارف کرانے کیلئے مختلف ذرائع اختیار کئے گئے لیکن اس ورچوئل رئیلٹی (Virtual Reality) پر حضور اکرمﷺ کی سیرت طیبہ اور سادہ طرز زندگی کامشاہدہ کرکے میری معلومات میں جو اضافہ ہوا، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ میں ICESCO کے ڈائریکٹر جنرل سلیم محمد المالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس عظیم الشان میوزیم کو ICESCO کے صدر دفتر میں متعارف کرایا۔ ساتھ ہی ادارے سے منسلک پاکستانی ڈاکٹر راحیل قمر، ڈاکٹر شریف اور ڈاکٹر سدرہ جمیل کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے پاکستانی وفد کے میوزیم وزٹ کا اہتمام کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آنے والی نسلوں کو ماڈرن اور جدید طریقے سے اسلامی تہذیب اور حضور اکرمﷺ کی سیرت مبارکہ سے روشناس کرایا جائے۔ میں خود کو خوش نصیب تصور کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے کچھ سال قبل خانہ کعبہ کے اندر غسل کعبہ کا شرف بخشا اور آج میں نے حضور اکرمﷺ کے حجرے کی ورچوئلی زیارت کی اور اُن کی طرز زندگی کا مشاہدہ بھی کیا۔ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان اور تمام قارئین کو یہ سعادت عطا فرمائے۔