• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں مہذب آدمی اور اپنے ملک کا صدر ہوں، مجھے میرے گھر سے اغوا کرکے امریکا لایا گیا، نکولس مادورو



فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی 

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی عدالت میں بیان دیا ہے کہ میں مہذب آدمی اور اپنے ملک کا صدر ہوں، مجھے میرے گھر سے اغوا کرکے امریکا لایا گیا ہے۔

وینزویلا پر حملہ کرکے امریکا لائے گئے صدر نکولس مادورو کو نیو یارک کی عدالت میں پیش کیا گيا، نکولس مادورو نے امریکی عدالت میں قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی۔

انہوں نے امریکی عدالت میں فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دے دیا۔

جج ایلون ہیلرسٹین کی جانب سے نارکو ٹیررازم سازش سمیت دیگر الزامات پڑھے جانے کے بعد مادورو نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ میں بے گناہ ہوں۔ یہاں جن الزامات کا ذکر کیا گیا ہے، میں ان میں سے کسی کا بھی قصوروار نہیں ہوں۔

نکولس مادورو نے آج نیو یارک میں اپنی پہلی عدالتی پیشی کے دوران مترجم کی مدد سے گفتگو کی، جس کے باعث جج کے لیے ان کے جوابات کی حدود طے کرنا زیادہ مشکل ہو گیا، عدالت میں مادورو نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں مہذب آدمی ہوں، اپنے ملک کا صدر ہوں۔

وینزویلا کے صدر مادورو کی اہلیہ سیلیا فلوریس نے بھی اپنی فردِ جرم کے دوران امریکا کی جانب سے عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور  قرار دیا ہے۔

وکیل نکولس مادورو نے کہا کہ صدر مادورو اس وقت ضمانت کی درخواست نہیں کر رہے ہیں، فی الحال ضمانت پر رہائی کے خواہاں نہیں مستقبل میں ہوسکتے ہیں۔

امریکی جج ایلون ہیلرسٹین نے وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو کے خلاف جاری مقدمے میں آئندہ سماعت 17 مارچ کو مقرر کر دی ہے، عدالت کے حکم کے مطابق مادورو اس تاریخ کو دوبارہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

اس سے قبل وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو نیو یارک کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر پر لے جایا گیا، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس عدالت سے انہیں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ایک فوجی کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا، جس کے بعد انہیں نیو یارک کی جیل میں قید رکھا گیا ہے، ان پر منشیات اور دہشتگردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جارہا ہے اور آج انہیں امریکی عدالت میں پیش کردیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات خود چلانے، تیل کے ذخائر قبضے میں لینے اور امریکی تیل کمپنیوں کو وینزویلا بھیجنے کا اعلان کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز امریکا کی ہر بات ماننے کو تیار ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی حکومت نے ماضی میں صدر مادورو کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر7 اگست 2025 کو 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔

امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ پر منشیات اور دہشت گردی سمیت امریکا کے خلاف استعمال کے لیے ہتھیاروں کے حصول کی سازش کے الزامات ہیں، دونوں پر نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے ، انہیں جلد ہی امریکی عدالتوں میں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید