انوراگ کشپ نے شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی منفرد انداز میں تعریف کی

February 01, 2023

بھارتی فلم نگری کے نامور فلمساز انوراگ کشپ نے شاہ رخ خان کو بہت ہی منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور اُن کی فلم پٹھان کی تعریف میں انوراگ کشپ نے لفظ ’انقلاب‘ کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے بھارت میں انقلاب برپا کردیا ہے، آج کل سنیما ہالز میں ایسا ہی ماحول ہے۔

بھارتی فلمساز نے کہا کہ کنگ خان کی فلم پٹھان کی بدولت آج بھارتی سنیما ہالز میں انقلاب برپا ہے، 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑ دیے۔

اپنے تازہ انٹرویو میں انوراگ کشپ نے کہا کہ پٹھان بھارت میں 300 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی تیز ترین فلم بن گئی ہے، لوگوں نے فلم دیکھنے کےلیے تھیٹروں پر دھاوا بول رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کی اس فلم کو پابندی اور بائیکاٹ کی اپیلوں کا سامنا تھا لیکن اس وقت بھارتی سنیما گھروں میں انقلاب آیا ہوا ہے۔

فلم پٹھان میں شاہ رخ خان، دیپیکا پڈوکون، جان ابراہم، ڈمپل کپاڈیہ اور آشوتوش رانا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جس نے صرف بھارت میں پہلے ہی ہفتے 315 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا گیا۔