پشاور سانحہ، امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، انٹونی بلنکن

February 02, 2023

فائل فوٹو

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحے کے متاثرین سیکیورٹی کے لوگ تھے جنہوں نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگائیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شہریوں پر ہر قسم کے تشدد کے خلاف امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں پر پاکستانی حکومت کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں، افغانستان میں جاری صورتحال پر بات چیت کے لئے خصوصی ایلچی اسلام آباد گئے تھے۔