آئی ایم ایف کا ٹاسک فورس قائم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ

February 02, 2023

—فائل فوٹو

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں، پاکستان میں کرپشن کی روک تھام اور مؤثر احتساب کا معاملہ زیرِغور ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ٹاسک فورس کے قیام سے متعلق وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، ٹاسک فورس کے قیام کے لیے جنوری 2023ء کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

ٹاسک فورس کا مقصد نیب سمیت اینٹی کرپشن محکموں کے فریم ورک پر نظرِثانی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کے لیے ان اداروں کو زیادہ مؤثر بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔

آئی ایم ایف نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران اور ان کے اہلِخانہ کے اثاثے ڈکلیئر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطالبات کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اثاثوں تک رسائی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایف بی آر مل کر کام کریں گے۔