ملک بھر کے لیے بجلی 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق بجلی رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت سستی کی گئی ہے۔
ملک بھر کے لیے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق بجلی کی قیمت میں 3 ماہ تک کمی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کےلیے مئی سے جولائی تک فی یونٹ بجلی 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
مئی تا جولائی ہر ماہ فی یونٹ بجلی 1 روپے 55 پیسے سستی ہو گی، اس کمی سے بجلی کے صارفین کو 52 ارب 60 کروڑ روپے کا فائدہ ہو گا۔
نیپرا نے کراچی کے صارفین کےلیے فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے فروری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 3 روپے 64 پیسے سستی کی گئی ہے۔
کراچی کے صارفین کو فروری کی ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف مئی کے بلوں میں ملے گا، جس کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
ڈسکوز کے لیے مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 28 پیسے سستی کی گئی ہے۔