وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، حکومت کا جی ڈی پی شرحِ نمو 6 فیصد تک پہنچانے کا ہدف ہے۔
لندن میں پاکستان ایکسیس ڈے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مالی سال 2025ء کی پہلی ششماہی میں پرائمری بجٹ سر پلس 3.6 ٹریلین روپے رہا، اپریل میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 0.3 فیصد پر آ چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فِچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بہتر کر کے منفی بی کر دی، برآمدات 50 ارب ڈالرز، مہنگائی 6 فیصد تک لانے کا منصوبہ ہے، 5 ارب ڈالرز کی آئی سی ٹی فری لانسنگ انڈسٹری کا قیام حکومت کا ہدف ہے۔
وزیرِخزانہ نے کہا کہ ہمارا گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 50 فیصد کمی کا عزم ہے، حکومت کا فائیو ایز فریم ورک معیشت کی بحالی کا جامع منصوبہ ہے، سرمایہ کاری پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری میں تیزی اورسہولت کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان بزنس پورٹل کاروباری اجازت ناموں کو ڈیجیٹل طور پر آسان بنائے گا، 126 ممالک کے شہری 24 گھنٹوں میں ای ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر مشیر نج کاری محمد علی نے پاکستان ایکسیس ڈے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے سرکاری اداروں کی نج کاری جاری ہے، عالمی سرمایہ کاروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔