پی ایف ایف کی قومی مینز فٹبال ٹیم کے فرینڈلی میچز کیلئے کوششیں شروع

February 02, 2023

پاکستان فٹبال ٹیم - فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اس سال مارچ میں انٹرنیشنل فریندلیز کی ونڈو میں قومی مینز فٹبال ٹیم کےلیے میچز منعقد کروانے کی کوششیں شروع کردیں۔

ذرائع کے مطابق فیڈریشن اس سال مارچ میں 20 سے 28 تاریخ کی ونڈو کے دوران قومی فٹبال ٹیم کےلیے انٹرنیشنل فرینڈلی میچز کروانے کےلیے کوشاں ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن نے تھائی لینڈ، مالدیپ اور بھوٹان سے رابطہ کیا ہے جبکہ حال ہی میں پی ایف ایف کے سربراہ ہارون ملک نے بحرین میں اے ایف سی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ان معاملات پر گفتگو بھی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کی فیفا فرینڈلی ونڈو میں پاکستان کے حریف کا فیصلہ اگلے چند روز میں ہوجائے گا۔

قومی مینز ٹیم اس سال ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ میں بھی شرکت کرے گی جبکہ اپریل میں قومی ویمن ٹیم اولمپک کوالیفائرز میں حصہ لے گی۔