پارک میں موجود شخص پر طوطے کا حملہ، مالک کو قید و جرمانے کی سزا

February 03, 2023

تائیوان میں ایک طوطے کی جانب سے پارک میں جاگنگ کرنے والے شخص پر حملہ کرنے اور اسے بری طرح زخمی کرنے پر طوطے کے مالک کو دو ماہ قید اور91 ہزار 350 امریکی ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ عجیب و غریب واقعہ تائیوان کے تائینان نامی علاقے میں پیش آیا جہاں ہوانگ نامی شخص اپنے دو پالتو ماکوس (بڑے جثے کے طوطے) لے کر ایک ایسے پارک میں گیا جہاں پر لوگ ورزش کرنے آتے ہیں۔

اس دوران ہوانگ کا ایک طوطا اڑ کر ایک جاگنگ کرنے والے شخص کی پشت پر پہنچا اور اپنے پر پھڑپھڑا کر اس پر بری طرح سے حملہ آور ہوا اور اسے مارنا شروع کردیا۔

اس دوران وہ شخص گھبرا کر نیچے گر گیا، جس کے نتیجے میں اس کی کولہے کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا اور اسے اسپتال میں داخل کرنا پڑگیا جس کے بعد وہ کافی عرصے اسپتال میں رہا۔

بعدازاں اس شخص نے طوطے کے مالک پر ہرجانے کی وصولی کا مقدمہ کیا۔

ڈسٹرکٹ کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران اس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ ایک ہفتے اسپتال میں زیر علاج رہا جبکہ چھ ماہ سے زیادہ وقت تک وہ کوئی کام کرنے کے قابل نہ تھا۔

جس کی وجہ سے اسے کافی مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ جس پر عدالت نے طوطے کے مالک کو اسے ہرجانہ ادا کرنے کے ساتھ قید کی سزا بھی سنائی۔