بھارت کو خدشہ کہ وہ کشن گنگا، رتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کا کیس ہار جائیگا

February 09, 2023

اسلام آباد(تجزیہ،خالد مصطفیٰ)بھارت کو خدشہ ہے کہ وہ 330 میگاواٹ کے کشن گنگا اور 850 میگاواٹ کے رتلے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کا کیس ہیگ کی ثالثی عدالت میں متنازعہ ڈیزائن کے ساتھ ہار جائے گا اور وہ پاکستان کے دریاؤں پر مستقبل کے منصوبوں کی تعمیر نہیں کر سکے گا، یہی وجہ ہے دہلی نے اسلام آباد کو سندھ طاس معاہدے 1960 میں تبدیلی کیلئے نوٹس جاری کیا ہے

پاکستان کے اعلیٰ حکام نے منگل (07 فروری) کو یہاں ایک اہم میٹنگ کی جس میں عالمی بینک کی ثالثی میں 1960 کے سندھ آبی معاہدے میں ترمیم کیلئے ہندوستان کے نوٹس پر تبادلہ خیال کیا، بھارت نے آبی معاہدے کے آرٹیکل 12 کا استعمال کرتے ہوئے نوٹس میں توسیع کی۔

"سیکرٹری آبی وسائل، پاکستان کے کمشنر برائے انڈس واٹر، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام (وزارت خارجہ)، اٹارنی جنرل آفس، اور ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی نے بھارتی نوٹس اور آبی معاہدے کے آرٹیکل 12 پر غور کیا۔