افتخار احمد نے شاہد آفریدی کو غلط ثابت کردیا

February 09, 2023

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ آل راؤنڈر افتخار احمد نے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ہی اسٹائل ’کاپی‘ کر کے انہیں غلط ثابت کردیا۔

ایک نجی چینل پر شاہد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افتخار مصباح الحق کا مداح تھا تو اسی لیے بہت زیادہ بالز روکتا تھا تاہم اس نے اپنے آپ کو بہت زیادہ تبدیل کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ افتخار نے وقت کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ اپنا کھیل بہتر کیا ہے، وہ بولنگ بھی کرلیتا ہے اور فیلڈر بھی اچھا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں نے وہاب ریاض کو 4 چھکے تو مارے ہیںلیکن افتخار نے 6 چھکے مار کر میرا والا کام پورا کردیا۔

بعدازاں افتخار احمد نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے شاہد آفریدی کے تعریفی الفاظ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

افتخار احمد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ لالا آپ کا مداح کون نہیںہوسکتا؟ میں نے آپ کو دیکھ دیکھ کر کرکٹ شروع کی۔

انہوں نے لکھا کہ میں آپ کے جارحانہ بیٹنگ انداز کو کاپی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے نمائشی میچ میں افتخار احمد نے وہاب ریاض کو 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے۔