پنڈی میں فیاض چوہان اور 10 کارکنان کے بعد ذلفی بخاری نے بھی گرفتاری دیدی

February 24, 2023

اسکرین گریب

راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی، بعد میں ذلفی بخاری نے بھی گرفتاری دے دی۔

آج راولپنڈی میں پولیس نے مزید 2 قیدیوں کی وینز کمیٹی چوک پر پہنچا دی تھیں۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان بھی ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے۔

جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔

تصویر بشکریہ انسٹا گرام

گھر والوں سے کہا ہے میری ضمانت نہ کرانا، فیاض چوہان

اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ درخواستیں دیں گے۔

فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے۔

فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے گرفتاری دی۔

پولیس فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کارکنوں کو کمیٹی چوک سے پہلی قیدی وین میں لے کر روانہ ہو گئی۔

فیاض چوہان کی گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید ، پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری اور عامر کیانی بھی کمیٹی چوک پہنچ گئے۔

کمیٹی چوک پر ذلفی بخاری نے بھی گرفتاری پیش کر دی۔

ٹوئٹر ویڈیو گریب

جیل بھرو تحریک 22 فروری کو شروع ہوئی

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز 22 فروری کو لاہور سے ہوا ہے۔

پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنما و کارکن گرفتاری دے چکے ہیں۔

ان تمام رہنماؤں و کارکنان کو گرفتاری کے بعد صوبے کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔