چینی بینک سے قرض کی دوسری قسط کیلئے کاغذی کارروائی مکمل ہو گئی: اسحاق ڈار

March 16, 2023

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین کے بینک کے ساتھ مزید 50 کروڑ ڈالرز قرض کی دوسری قسط کے اجراء کے لیے کاغذی کارروائی مکمل ہو گئی۔

وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ یہ قسط رول اوور کیے گئے 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز قرض کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے یہ قرض چین کو ادا کر دیا تھا، فنڈز جلد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو جاری ہو جائیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چینی بینک نے پاکستان کے لیے 1.3 ارب ڈالرز کے رول اوور کی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے حال ہی میں یہ رقم چینی بینک کو واپس ادا کی تھی۔